حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے صدر علامہ باقر عباس زیدی نے جڑانوالہ میں چرچ پر حملے کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے واقعات برپا کرکے ملک کی سلامتی و استحکام کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک خداداد پاکستان میں بسنے والے مذہب و مسلک کو اپنی عبادات کیلئے آئینی آزادی حاصل ہے، اسی طرح ہر مذہب و مسلک کی عبادت گاہیں قابل احترام ہیں، مساجد، چرچ اور مختلف مذاہب و مسالک کی عبادت گاہوں کو نقصان پہچانے والے ملک و قوم اور اسلام کی دشمن ہیں۔
علامہ باقر زیدی نے کہا کہ قومی اسمبلی سے منظور ہونے والا متنازعہ بل بھی ایسے پر تشدد واقعات کو جنم دے گا، ملکی مقتدر اداروں سیاسی و مذہبی جماعتوں کو چاہیئے اس متنازعہ بل کے خلاف اپنا کردار ادا کریں، پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں و مسالک کو برابری کے حقوق حاصل ہیں، ریاست کی طرف سے ان مکمل طور پر تحفظ فراہم ہونا چاہیئے، جڑانوالہ چرچ واقع کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں اور واقعہ میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔